کوئی آپ جیسا نبی کہاں ، کوئی آپ جیسا بشر کہاں
نعت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم
از ۔ سید خادم رسول عینی ، اڑیسہ
جو تھا سوئے طیبہ سفر کبھی، کہیں اس کے جیسا سفر کہاں
جو سحر گزاری تھی طیبہ میں کہیں ایسی ایک سحر کہاں
ہمہ گیر شخصیت آپ کی ،نہیں آپ کی ہے طرح کوئی
کوئی آپ جیسا نبی کہاں ، کوئی آپ جیسا بشر کہاں
شہ دیں کے ایک اشارے سے ہوا آدھا آدھا پہاڑ میں
جو ہماری دھرتی کا چاند ہے کہیں اس کے جیسا قمر کہاں
گریں کٹ کے فوج الم سبھی کرم حضور ہو ساتھ اگر
نہ ہو شامل ان کا وسیلہ گر تو تری دعا میں اثر کہاں
انھیں خود عمر کہیں سیّدا ، ہے بلال کا بڑا مرتبہ
جو حبش سے آکے گہر بنے ، کہیں ان کے جیسا گہر کہاں
جو ہے باغی دین متین کا کرے انتظار وہ حشر کا
جو جلائے منکر دین کو کہیں دہر میں وہ سقر کہاں
وہ علیم ہیں وہ خبیر ہیں وہ بشیر ہیں وہ نذیر ہیں
نہ ہو علم جس کا حضور کو کوئی" عینی "ایسی خبر کہاں
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں